جُگ جُگ جیوے میرا پیاراوطن
لب پہ دعا ہے دل میں لگن
"جُگ جُگ جیو" ایک دعائیہ محاورہ ہے، جو درازیِ عمر کے لیے بولا جاتا ہے۔’جُگ‘ کا تعلق ہندومت سے ہے۔ ’جُگ‘ سنسکرت میں ’یُگ‘ ہے، جوحرف ’ی‘ کے ’ج‘ سے بدلنے پر ہندی میں ’جُگ‘ ہو گیا ہے۔ یہ تبدیلی ایسے ہے جیسے انگریزی میں "جاسمین" جو اُردو میں "یاسمین" ہے۔
"جُگ" کو اردو میں زمانہ، دور، عہد یا قرن کہہ سکتے ہیں۔ ہندومت کے مطابق دنیا کو آغاز سے انجام تک چار جُگوں یا زمانوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں پہلا ’سَت جُگ‘ ہے۔ اس جُگ کی مدت سترہ لاکھ اٹھائیس ہزار(1,728,000) برس تھی۔ ہندوؤں کے مطابق یہ وہ جُگ تھا جس میں نیکی وسچائی کے سوا دوسری کوئی بات نہ تھی۔ اس لیے وہ اسے ’سنہرا دور‘ بھی کہتے ہیں۔دوسرے نمبر پر’تِریتاجُگ‘ ہے اس کی کل مدت بارہ لاکھ چھیانوے ہزار(1,296,000) برس تھی۔ اس جُگ میں برائیوں کے مقابلے میں نیکیاں زیادہ تھیں اس لیے اسے ’نقرئی دور‘ کہا جاتا ہے۔ تیسرے نمبرپر’دُواپَرجُگ‘ ہے۔ جو آٹھ لاکھ چونسٹھ ہزارچار(864,000) برس پر مشتمل بتایا جاتا ہے۔ چوتھا اورآخری ’کَلْجُگ‘ ہے۔ یہ موجودہ زمانہ ہے۔ اس کی مدت چار لاکھ بتیس ہزار(432,000)برس بتائی جاتی ہے۔ اسے پاپ (گناہوں) کا زمانہ مانا گیا ہے۔
نظیر اکبرآبادی کی ایک مشہور نظم کا عنوان بھی ’کلجگ‘ ہے۔ جس میں ٹِیپ کا بند ہے:
کلجُگ نہیں کرجگ ہے یہ
یاں دن کو دے اور رات لے
کیا خوب سودا نقد ہے
اِس ہات دے اُس ہات لے
یہاں’کرجُگ‘ کا مطلب ہے ’کام کرنے کا زمانہ‘ یا ’عمل کا وقت‘۔ اس کا تعلق بیان کردہ چارجُگوں سے نہیں ہے۔
’جُگ جُگ جیو‘ کے مطابق چاروں جُگوں کی کل مدت تینتالیس لاکھ بیس ہزار(4320000)بنتی ہے۔ مرزا غالب نے مغل بادشاہ کو درازیٔ عمر کی یوں دُعا دی تھی:
تم سلامت رہو ہزار برس
ہر برس کے ہوں دن پچاس ہزار
اِس دعا کے مطابق "بادشاہ سلامت" کی سلامتی کی کُل مدت پچاس کروڑ(500000000) برس بنتی ہے۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو غالب محاورے سے بھی آگے نکل گئے تھے۔
جُگ جُگ جیو محاورے کی اِس تشریح کو ذہن میں رکھتے ہوئے آیئےکلیم عثمانی کے شاہکار ملی نغمے سے لطف اندوز ہوتے ہیں:
جُگ جُگ جئے میرا پیار وطن
جُگ جُگ جئے میرا پیار وطن
لب پہ دُعا ہے دل میں لگن
میرے وطن تو سب کے لئے جان سے بڑھ کر پیارا ہے
ان گل رنگ فضائوں میں تجھ سے ہی اجیارا ہے
تیرا ہر اک ذرہ ہے کرن
جگ جگ جئے میرا پیارا وطن
اللہ رہتی دنیا تک رکھے سلامت شان تیری
تیرے دم سے ہم زندہ، ہم سے ہے پہچان تری
تجھ پہ نچھاور تن من دھن
جُگ جُگ جئے میرا پیار وطن
ہر پل تیری عظمت کے افسانے دہرائوں گا
جب تک بھی میں زندہ ہوں گیت ترے ہی گائوں گا
تیری امانت ہے میرا فن
جُگ جُگ جئے میرا پیار وطن
لب پہ دُعا ہے دل میں لگن